ناندیڑ: ۱۷؍جون (اعتمادنیوز)اردھاپور کے ایک کھیت میں ۲۰؍سالہ لڑکا اور اس
کی کمسن ساتھی لڑکی دوپہر کے وقت گئے ہوئے تھے اور کھیت میں بیٹھ کر بات
چیت کررہے تھے ۔ اسی دوران ۱۰تا ۱۲؍نوجوان وہاں پہنچے اور انہوں نے عاشق
جوڑے کے ساتھ مارپیٹ کرکے اس کی ویڈیو کلپ تیارکی اور پھر واٹس اپ پر وہ
کلپ پھیلا دی ۔ لڑکے کی شکایت پر اب ۱۲؍نوجوانوں کے خلاف پولس نے مختلف
دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولس پریس نوٹ کے مطابق ۲۰؍سالہ لڑکے نے
پولس میں شکایت درج کی کہ وہ اور اس کی کمسن ساتھی دونوں بالاجی پرتلے کے
کھیت میں دوپہر ایک بجے کے وقت بات چیت کررہے تھے کہ نوجوانوں کا ایک گروپ
وہاں آیا اور اچانک انہوں نے دونوں کے ساتھ مارپیٹ کی اور لڑکی کے ساتھ
بداخلاقی سے پیش آکر گالی گلوج کرکے دونوں کے موبائل چھین لئے ۔
لڑکی اور
لڑکے کو مارپیٹ کرتے ہوئے اس کی ویڈیو کلپ بنائی اور پھر یہ کلپ واٹس اپ پر
پھیلادئیے ۔ اردھاپور پولس اسٹیشن میں نوجوانوں کے خلاف جبری لوٹ ، لڑکی
کے ساتھ بداخلاقی کے ساتھ پیش آنے ، آئی ٹی ایکٹ اور مختلف دفعات کے تحت
مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔ معاملے کی تحقیقات انسپکٹر گائیکواڑ کررہے ہیں ۔ آج
تین نوجوانوں کو اس معاملے میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا ۔ جج نے
انہیں پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں
لاتور میں بھی کالج کے ایک لڑکا لڑکی کو پکڑ کر اسی طرح سے مارپیٹ کرکے
ویڈیو بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ جس کے بعد ساری ریاست میں کھلبلی مچ
گئی تھی ۔ ملزموں کو گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے روانہ کیا گیا تھا
اب ایسا ہی واقعہ ناندیڑ کے اردھا پور میں بھی پیش آیا ہے ۔